حافظ شہباز علی: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ کوئی بھی جماعت ہو مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے، اے پی سی بلانا یا احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ڈیری ایکسپو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پہلے بھی لانگ مارچ کر چکی، حکومت نے مولانا فضل الرحمن کے لانگ مارچ کو مہمانوں کی طرح سہولیات فراہم کیں، ہم بلا امتیاز احتساب اور اداروں کو غیر سیاسی بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں مقابلہ کریں گے، تاخیر کورونا کی وجہ سے ہے، گورنر پنجاب کا ایکسپو کے حوالے سے کہنا تھا کہ کورونا پر قابو پانے کے باعث ہم اس طرح کے ایونٹ کرنے کے قابل ہوئے ہیں، سابق حکومتوں نے زراعت کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا، ہماری حکومت ہر زراعت کی ترقی کے لئے تمام تر اقدامات کرے گی۔
اس سے قبل گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلتے ہوئے یکساں پالیسی پر عمل پیرا ہے، اپوزیشن فی الحال ہمیں پانچ سال پورے کرنے دیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کے لئے قانونی طریقہ اختیار کریں گے۔