(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو ( نیب) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو طلب کرلیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر مالی بدعنوانیوں کے الزامات ہیں، مولانا فضل الرحمان کو یکم اکتوبر کو نیب خیبر پختونخوا سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے کہا گیا ہے کہ وہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ثبوت دیں، مولانا فضل الرحمان کو نیب کے پی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر اسرار الحق کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد کے زرداری ہاؤس میں ہوئی تھی جس میں مولانا فضل الرحمان بھی شریک ہوئے تھے، اے پی سی میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور حکومت کیخلاف مرحلہ وار تحریک شروع کرنا کا اعلان کیا گیا تھا، اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر نیب کے ذریعے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
دریں اثناء جے یوآئی ف سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد سومرو نے بڑااعلان کردیا، کہا کہ مولانا نیب میں اکیلے پیش نہیں ہوں گے، وہ گئے تو تیس لاکھ کارکن ان کیساتھ جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ابھی کوئی نوٹس نہیں ملا، ایسے نوٹسزکی کوئی اہمیت نہیں۔