لوئر مال (رضوان نقوی) گزشتہ 20 سال کے دورانیے میں سرکاری املاک کے کرائے کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا معاملہ، نزول برانچ ڈی سی آفس کا عملہ اینٹی کرپشن کو نزول پراپرٹی کا ریکارڈ فراہم کرنے میں رکاوٹیں ڈالنے لگا۔
شہر میں 1998ء سے 2018ء تک نزول لینڈ کے کرایہ میں بے ضابطگیوں کے معاملہ پر اینٹی کرپشن نے انکوائری شروع کر رکھی ہے، اینٹی کرپشن حکام کے مطابق 1998ء سے 2018ء تک سرکاری پراپرٹی کے کرائے کی مد میں خزانے کو 9 کروڑ 59 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا، نزول برانچ ڈی سی آفس لاہور کی جانب سے ریکارڈ کی فراہمی میں تعاون نہیں کیا جا رہا، نزول برانچ ڈی سی آفس لاہور کو متعدد بار نوٹسز جاری کر چکے ہیں، شہر میں 18 ہوٹلز، ایک فیکٹری، 10 وئیر ہاؤسز، 730 گھر، 1970 دکانیں اور 40 پٹرول پمپس کے کرایوں میں بے ضابطگیوں کی انکوائری التوا کا شکار ہے۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق 18 ہوٹلز کا کرایہ ایک کروڑ 29 لاکھ 60 ہزار روپے خزانے میں جمع نہیں ہوا، نزول لینڈ پر قائم ایک فیکٹری کا کرایہ 36 لاکھ روپے خزانے میں جمع نہیں ہوا،10 وئیر ہاوسز کا کرایہ 60 لاکھ روپے، 750 گھروں کا ایک کروڑ 75 لاکھ 20 ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع نہیں ہوا، 1970 دکانوں کے کرائے کی مد میں سرکاری خزانہ کو 5 کروڑ 91 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق نزول برانچ ڈی سی آفس کی جانب سے ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں نزول برانچ کے عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔