( شہباز علی ) پی سی بی کا بڑا فیصلہ، کرکٹرز کو غیر منظور شدہ ٹورنامنٹس میں حصہ لینے سے روک دیا، ڈی فنکشن ہونے والی ریجنل اور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز کے زیراہتمام جاری ٹورنامنٹس غیر قانونی قرار دیدئیے۔
پی سی بی نے کرکٹرز کو غیر منظور شدہ ٹورنامنٹس میں شرکت سے روک دیا ہے، 19 اگست سے نافذ العمل پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو کرکٹ ایسوسی ایشنز جبکہ ضلعی اور زونل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ایسی کسی بھی ڈی فنکشنل ایسوسی ایشنز کے زیراہتمام کوئی بھی ٹورنامنٹ پی سی بی سے منظور شدہ نہیں ہوگا۔
نجی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قوانین کی تفصیلات پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ مندرجہ بالا ہدایات کے پیش نظر تمام رجسٹرڈ کرکٹرز ایسے تمام ٹورنامنٹس میں شرکت سے اجتناب کریں، غیر منظور شدہ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے پر رجسٹرڈ کرکٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔