شہر میں ای چلان شروع، دس دن میں چلان جمع نہ ہو نےپر گاڑی پکڑلی جائےگی

23 Sep, 2018 | 05:18 PM

(علی ساہی ) اب کہاں جاؤ گے بچ کے صنم، ٹریفک وارڈن کو توچکمہ دے سکتے تھے لیکن کیمروں کو نہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ای چالاننگ شروع، دس روز کے اندر چالان جمع نہ کروانے والوں کی گاڑیاں بند کردی جائیں گی۔

شہر میں لگائے گئے سیف سٹی کے کیمروں کو ذریعے ای چالاننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اب شہرکی اہم شاہراہوں پر کوئی بھی شہری ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا تو اسکی نمبرپلیٹ کی تصویر بنے گی اور شہری کو ایکسائزمیں موجود ریکارڈ کے مطابق اسکے ایڈریس پر ای ٹکٹ بھجوادی جائے گی۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کے مطابق لاہور سٹی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے الیکٹرانک ای چلاننگ کا آغاز کر دیا ہے۔اور پیر 24 ستمبر سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کوگھروں میں ای چالان موصول ہونگے۔

 ڈائریکٹر پراجیکٹ اکبر ناصر کا کہنا ہے کہ ای چالان پر خلاف ورزی کی تصاویر بھی دیکھی جا سکیں گی۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں اور سزائیں موٹر وہیکل آرڈیننس و رولز کے تحت ہونگی اور جرمانہ ابتدائی طور پر بنک آف پنجاب میں جمع ہو گا اور نیشنل بینک آف پاکستان کو بھی سسٹم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ جرمانہ دس دن کی مقررہ مدت میں ادا کرنا لازمی ہوگا۔ مسلسل خلاف ورزی اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر گاڑی کو قبضے میں لیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ کا نظام دن رات کام کر رہا ہے اس لیے شہری اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔ شہری ای چلاننگ کی رہنمائی کے لیے ون فائیو پر کال کر کے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں