(سٹی42) حکومت کو گورنر ہاؤس پنجاب عوام کیلئے کھولنا مہنگا پڑگیا۔ عوامی سیلاب تاریخی عمارت کی جھیل کا پل ہی بہا لے گیا۔
گورنر ہاﺅس پنجاب کے دروازے آج پھر شہریوں کیلئے کھول دیئے گئے، شہریوں کی بڑی تعداد سیر کیلئے گورنر ہاﺅس پہنچ گئی، اسی دوران شہری جھیل کے پل پر چڑھ گئے جو زیادہ بوجھ برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے شہری جھیل میں بنائے گئے جزیرے میں پھنس گئے جنہیں کشتی کے ذریعے جزیرے سے نکالا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو شہریوں نے گورنر ہاؤس پنجاب کا نقشہ ہی بدل دیا تھا، سیر کیلئے آنے والی فیملیز نے کچے پھلوں اور سبزیوں پر ہلہ بول دیا، مال غنیمت کی طرح جس کے ہاتھ جو لگا لے اڑا، جگہ جگہ پڑے کوڑا کرکٹ نے گورنر ہاؤس کا حسن گہنا کر دیا۔