نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نئی مشکل میں پھنس گئے

23 Sep, 2018 | 02:01 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں دو سابق وزراء اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف غداری کیس کل سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔ عدالت نے پیش نہ ہونے پر شاہد خاقان عباسی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ کل سماعت کرے گا، جسٹس عاطر محمود اور جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر فل بنچ میں شامل ہوں گے، عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 24 ستمبر کو طلب رکھا ہے، بنچ نے میاں نواز شریف کوبھی بذریعہ جیل سپرنٹنڈنٹ نوٹس جاری کررکھے ہیں۔

درخواست شہری آمنہ ملک کی جانب سے نواز شریف کے متنازع انٹریو کو بنیاد بناکر دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ نواز شریف نے متنازع انٹرویو دیکر ملک و قوم سے غداری کی۔ نواز شریف کیخلاف بغاوت کے خلاف کارروائی کی جائے. شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی۔

 درخواستگزار نے استدعا کی کہ نواز شریف اور شاہد خاقان کیخلاف آئین کےتحت کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں