ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’فلسطینی طلبہ کو سرکاری اخراجات پر تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی‘ وزیراعظم کا اعلان

’فلسطینی طلبہ کو سرکاری اخراجات پر تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی‘ وزیراعظم کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک : شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کیلیے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ان کو سرکاری اخراجات پر تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی، خود کو تنہا نہ سمجھیں ہمارے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

پاکستانی یونیورسٹیز میں زیرِ تعلیم طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی طلبا و طالبات اپنے دوسرے گھر پاکستان آئے ہیں، یہ مہمان نہیں بلکہ ہمارے بھائی بہن ہیں، کھلے دل کے ساتھ ان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، اسرائیلی جارحیت میں اب تک 43 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی بربریت پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عالمی برادری نے جنگ بندی کیلیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا۔ پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں، قابض اسرائیلی فوج غزہ میں فلسطینیوں پر ظلم کر رہی ہے، فلسطین کے شہر شہر اور گاؤں گاؤں تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہیگ کا عالمی عدالت کا فیصلہ بھی قابض اسرائیل کو نہیں روک سکا، قابض اسرائیلی فوج اسکولوں، گھروں، اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کر رہی ہے، سلامتی کونسل کی قراردادیں اور عالمی عدالت انصاف بے بس نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے فلسطینی طلبہ سے کہا کہ پاکستان جتنا میرا ہے اتنا ہی آپ کا بھی ہے، ہمارے گھر اور تعلیمی ادارے فلسطینیوں کیلیے حاضر ہیں، ان سے خطاب میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

 ڈاکٹر رضوان تاج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 10 جولائی کو میڈیکل اداروں کو فلسطینی طلبہ کی تعلیم کیلیے خط لکھا تھا، 60 میڈیکل کالجز نے ان کو مفت تعلیم دینے کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 24 طلبہ لاہور اور 121 راولپنڈی اور اسلام آباد کے طبی اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں، ان کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کیلیے کوشاں ہیں، فلسطینی طلبہ کے حوصلے اور ہمت کو داد دیتے ہیں۔