وزیرِاعظم سمیت دیگر سیاسی شخصیات کا شاہ زیب نقوی کے انتقال پر اظہارِ افسوس، اہل خانہ سے دلی تعزیت

23 Oct, 2024 | 04:27 PM

ویب ڈیسک : وزیرِاعظم شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کی کار حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔ 

وزیرِ اعظم نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی، کہا کہ جواں سال بیٹے کی وفات پر رعنا انصار اور انکے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں. اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت اور واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان کو جلد صحت یاب کرے، آمین. 

قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ نے رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ 
اویس قادر شاہ نے رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ، کہا کہ رعنا انصار کے بیٹے کی اچانک موت کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا ہے، دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں محترمہ رعنا انصار کے غم میں برابر کا شریک ہوں ۔ انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔   

وزیر بلدیات سعید غنی نے رعنا انصار کے بیٹے شاہ زیب نقوی کے انتقال پررنج و غم کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ شاہ زیب نقوی کی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر شدید افسوس ہوا ہے، رعنا انصار کے شوہر سید انصار نقوی کی بھی چار سال قبل جہاز حادثہ میں شہادت کے بعد اب جواں سال بیٹے کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک ہے۔ اللہ تعا لیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ، رعنا انصار سمیت لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں ۔ 

واضح رہے کہ ایم کیوایم رکن قومی اسمبلی رعنا انصار اور سٹی نیوز نیٹورک کے سابق ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی(شہید) کا بیٹا شاہ زیب نقوی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا، شاہ زیب نقوی ان کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔

مزیدخبریں