ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا پر پراپیگنڈہ کرنے ہراسانی کے واقعات میں ملوث افراد اور افواہیں پھیلانے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی رولز کی منظوری دیدی جس کے مطابق ریاستی اداروں اور سرکاری شخصیات کے خلاف پراپیگنڈے پر سخت کارروائی ہوگی، سائبر کرائمز میں ملوث افراد کو 5 تا 15 سال تک سزا اور بھاری جرمانہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 11 ماہ بعد این سی سی آئی اے پورے اختیارات کے ساتھ فعال ہوگئی ہے، این سی سی آئی اے سائبر کرائمز کے خلاف کارروائی کیلئے عالمی اداروں سے رابطے کی مجاز ہوگی۔
نگران حکومت نے دسمبر 2023 میں این سی سی آئی اے قائم کرنے کی منظوری دی تھی، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ ختم ہو جائیں گے اور متعلقہ افسران ایک سال تک اتھارٹی میں خدمات دیں گے۔