ملک اشرف : پنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کیخلاف درخواست پر سماعت ،عدالت کی درخواست کو پہلے سے دائر درخواست کے ساتھ یکجا کرنے کی ہدایت،ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس احمد ندیم ارشد نے شہری نجیع اللہ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پنجاب کے اضلاع میں دفعہ144کا نفاذ سیاسی بنیادوں پرکیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ایک سیاسی جماعت پُرامن احتجاج کو روکنا ہے۔ درخواست میں نکتہ اُٹھایا گیاکہ احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے اوردفعہ 144 کے ذریعے اس آئینی حق کو سلب نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست میں یہ بھی نکتہ اُٹھایا گیاکہ جیسے دفعہ 144 کو اوپر تلے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، وہ اس قانون کی منشاء سے مطابقت نہیں رکھتا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ دفعہ 144کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیا جائے، درخواست پر مزید سماعت 29 اکتوبرکو ہوگی۔