ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کردیا گیا۔
عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے روبرو کیس کی سماعت میں سلمان اکرم راجا اور فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کی وکلا سے بھی ملاقات نہیں کروائی جاتی،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا لوکل کمیشن سے رابطہ ہوا تھا؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ جی ہم لوکل کمیشن کو رپورٹ کرتے رہے ہیں اور وہ بھی کرتے رہے لیکن ابھی رابطہ نہیں ہوا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کمیشن بنانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ مسائل نہ بنیں،وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کئی دنوں سے بجلی نہیں ہے، کوریڈو میں نکلنے تک نہیں دیا جا رہا جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ الگ سے درخواست دائر کردیں۔
بعد ازاں عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری اور نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ نمائندہ کل عدالت پیش ہو اور ساتھ ہی عدالت نے سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی