چٹانوں میں گرا موبائل فون نکالنے کی کوشش میں خاتون الٹا لٹک گئی

23 Oct, 2024 | 12:01 PM

ویب ڈیسک:  آسٹریلیا میں موبائل فون کو تلاش کرنے والی ایک خاتون اُسے اٹھانے کی کوشش میں چٹانوں کے بیچ میں الٹا لٹک گئی۔

موجودہ عہد میں موبائل فونز لوگوں کی زندگی کا لازمی حصہ بن چکے ہیں اور اگر وہ گم ہو جائیں تو انہیں ڈھونڈنے کے لیے لوگ ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔کچھ ایسا ہی واقعہ   آسٹریلیا  میں پیش آیا جہاں  ایک خاتون کو ہائیکنگ کے دوران گرنے والے اپنے موبائل فون کو اٹھانے کی کوشش اتنی مہنگی پڑی کہ وہ کئی گھنٹوں تک چٹانوں کے درمیان شگاف میں الٹی لٹکی رہیں۔

تفصیلات کے مطابق میٹلڈا نامی خاتون چند روز قبل نیو ساؤتھ ویلز کے علاقے ہنٹر ویلی میں ہائیکنگ کر رہی تھیں کہ اس دوران ان کا موبائل فون ایک شگاف میں جا گرا۔ جب انہوں نے فون نکالنے کی کوشش کی تو پھسل گئیں اور منہ کے بل 3 میٹر گہرے شگاف میں گر کرالٹی حالت میں 2 چٹانوں کے درمیان 4 انچ چوڑے خلا میں پھنس گئی۔ میٹلڈا کی یہ آزمائش کئی گھنٹوں پر محیط تھی اور وہ الٹی حالت میں لگ بھگ 7 گھنٹے تک اس شگاف میں پھنسی رہیں۔

امدادی کارکنوں کے پہنچنے سے پہلے تک وہ ایک گھنٹے سے زیادہ تک وہاں منہ کے بل گری رہی تھیں اور اس دوران ان کے دوستوں نے انھیں نکالنے کی کوششیں تو کیں لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

میٹلڈا کو بچانے کیلئے کیا جانے والا ریسکیو آپریشن چیلینجز سے بھرپور رہا جس میں چٹان کے کئی پتھروں کو کاٹ کے ہٹانا پڑا، ریسکیو ٹیم نے مجموعی طور پر 6 پتھروں کو وہاں سے ہٹایا جس کے بعد وہ اس قابل ہوگئی کہ خاتون کے پیروں کو چھو سکے۔ایمبولینس سروس کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں وہ اپنے پیروں کے بل پتھروں کے درمیان لٹکتی دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ دیگر تصاویر میں اس مقام کو چوڑا کرنے کی پیچیدہ کوششوں کو بھی دکھایا گیا۔

 ریسکیو اہلکاروں کے مطابق وہاں بڑے بڑے پتھر اس طرح موجود تھے کہ خاتون تک رسائی لگ بھگ ناممکن ہوگئی تھی اور 500 کلوگرام کی چٹان کو درمیان سے ہٹانے کے بعد بھی ان کے سامنے یہ چیلنج تھا کہ متاثرہ خاتون کو باہر کیسے نکالا جائے۔

ماہرین کو خدشہ تھا کہ اتنی دیر تک الٹا لٹکے رہنے کی وجہ سے ہاتھوں اور پیروں کو خون کے بہت زیادہ دباؤ سے نقصان نہ پہنچا ہو تاہم جب خاتون کو باہر نکالا گیا تو وہ تھکی ہوئی تھی اور ان کا سر چکرا رہا تھا کیونکہ سارا خون سر میں جمع ہوگیا تھا جس کے باعث ان کیلئے کھڑا ہونے یا چلنے کی طاقت بھی نہیں رہی۔

ریسکیو ٹیم کے مطابق حیرت انگیز طور پرمتاثرہ خاتون کو صرف معمولی زخم اور چند خراشیں ہی آئی تھیں۔گھنٹوں کے اس مشکل آپریشن کے بعد میٹلڈا تو بازیاب ہو گئیں تاہم وہ اپنا فون نہیں نکال پائیں۔ 

مزیدخبریں