غزہ : زخمی بہن کو کندھے پر اُٹھائے فلسطینی بچی کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

23 Oct, 2024 | 10:05 AM

ویب ڈیسک: غزہ کی سڑکوں پر زخمی بہن کو اٹھائے  شدید دھوپ  میں پھرتی بچی کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو اپنی بہن کے علاج کیلئے ہسپتال کی تلاش میں بغیر چپل  چل رہی تھی۔

غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے کہ ایسی صورتحال میں اسرائیلی فوج کے محاصرے کے دوران ایک فلسطینی معصوم بچی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی اپنی چھوٹی بہن کو کندھے پر اٹھائے جارہی ہے۔ بچی غزہ کی کڑی دوپہر میں اپنی چھوٹی بہن کو کندھے پر اٹھائے خیمہ بستی کی طرف جانے کی جدوجہد میں مصروف ہے جبکہ ایسے میں اس کے پیر میں چپل بھی نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق  ننھی بچی زخمی بہن کو نازک کندھوں پر اٹھا کر ہسپتال کی تلاش میں کئی کلومیٹر پیدل چلتی رہی تھی۔ْ غزہ جنگ کی کوریج کیلئے موجود ایک صحافی نے بچی کی مدد کی، صحافی کے سوال پر بچی نے بتایا بہن کو گاڑی نے ٹکر ماری، اس کا علاج کرانا چاہتی ہوں۔

بچی کا کہنا تھا کہ میں تھک گئی ہوں، میں اس کو ایک گھنٹے سے اُٹھائے ہوئے ہوں اب میں مزید نہیں اُٹھاسکتی، میں اس کو لے کر بریج کیمپ جاؤں گی۔صحافی نے دونوں بچیوں کو اپنی گاڑی میں بیٹھا کر ہسپتال پہنچایا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں جبالیہ کیمپ میں معروف فلسطینی آرٹسٹ محاسن الخطیب جام شہادت نوش کرگئیں۔ با صلاحیت مصورہ اور ڈیزائنر محاسن الخطیب اسرائیلی حملے کے وقت گھر میں موجود تھیں، ان کی آخری تخلیق جو انہوں نے شہادت سے چند گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی وائرل ہوگئی۔

انہوں نے اپنی آخری پوسٹ میں 19 سالہ شابان الدالو کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ شہید فلسطینی آرٹسٹ محاسن خود بے پناہ چیلنجز کا سامنا کر رہی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنے فن کے ذریعے غزہ کے رہائشیوں کی مشکلات کو دنیا کے سامنے لاتی رہیں۔ رپورٹس کے مطابق بطور مصورہ، اسٹوری بورڈ آرٹسٹ، فری لانس کردار ڈیزائنر، اور ڈیجیٹل آرٹ کی استاد، محاسن اپنے خاندان کی کفیل تھیں۔

مزیدخبریں