(دُرِ نایاب) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں کینسر ہسپتال بنانے کی اصولی منظوری دے دی اور پلان بھی طلب کر لیا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے مناواں ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، کینسر ہسپتال کیلئے مجوزہ اراضی و ہسپتال کی عمارت کا معائنہ کیا، ہسپتال کی مرکزی عمارت سے ملحقہ بلڈنگ کا بھی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت مناواں ہسپتال کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا،انڈس کے میاں احسن، چیف سیکرٹری،سیکرٹریز صحت، خزانہ، تعمیرات ومواصلات، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مناواں ہسپتال کو کینسر ہسپتال میں تبدیل کرنے کا ٹاسک دیا اور کینسر ہسپتال کے امور کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے کینسر ہسپتال کا ڈیزائن ودیگر امور جلد طے کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ مشینری او رآلات خریدنے کی بھی پلاننگ کی جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ 14 کروڑ عوام کا صوبہ ہے، لوگ دھکے کھا رہے ہیں کینسر کے علاج کے لئے، ایک بھی سرکاری سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال نہیں،سرکاری سطح پر اعلیٰ معیار کا کینسر ہسپتال پنجاب کے عوام کی ضرورت ہے، سرکاری سطح پر سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال مہیا کرنا حکومتی ذمہ داری ہے۔