(زاہد چودھری)لاہور سمیت صوبے بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا ہدف حاصل نہ ہوسکا، فنڈز نہ عملہ ،بوکھلاہٹ میں محکمہ پرائمری ہیلتھ نے 25 اکتوبر سے بغیر تیاری گھر گھر ویکسین لگانے کی مہم کا اعلان کر دیا۔
محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے لاہور سمیت صوبے بھر میں کورونا سے بچاو کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا،صوبے بھر میں 47 فیصد افراد کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک ، صرف 20 فیصد کو اب تک کورونا ویکسین کی 2 خوراکیں لگائی جاسکی ہیں ۔
محکمہ پرائمری ہیلتھ نے اب بوکھلاہٹ میں 25 اکتوبر سے گھر گھر جاکر کرونا ویکسین لگانے کا اعلان کیاہے۔اس کے لئےنہ فنڈز اور نہ ہی عملہ میسر ہے،تمام اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ کو گھر گھر جاکر ویکسی نیشن کے لئے عملے کی بھرتی ، اینڈرائیڈ ٹیبلٹ خریدنے سمیت ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرنے کا ناممکن ٹاسک دیاگیاہے۔
سی ای اوز ہیلتھ کو 21 اکتوبر کو مراسلہ ارسال کرکے 25 اکتوبر تک اپنے وسائل سے تیاری مکمل کرنے کا کہا گیا ہے۔
دوسری جانب کوروناکیسزمیں کمی دیکھنے میں آئی، شہر میں24گھنٹوں میں 105کوروناکےنئےکیسزرپورٹ ہوئے جبکہ شہرمیں مثبت کیسزکی شرح2.6 فیصدریکارڈکی گئی۔
علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید552کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 67 ہزار945ہوگئی۔ کورونا وائرس سے مزید15 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد28ہزار 359 ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 39ہزار179کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 1.40 فیصد رہی۔