سٹی42: میئر لاہور عہدے کا چارج سنبھالنے کےبعد ایکشن میں آگئے، دفاتر چھوڑ کر غائب ہو جانیوالے افسران کو خبردار کردیا۔ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا پہلا حکم جاری، افسران کو دفاتر چھوڑنے یا کسی دوسرے محکمے کی میٹنگ میں جانے سے قبل اجازت لینا ہوگی ۔
میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے دفاتر سے غائب رہنے والے افسران کو میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے خبردار کردیا۔ میئرلاہور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے افسران سینئر افسران کو اطلاع دیئے بغیر دفاتر سے غائب رہتے ہیں، جس سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
میئر لاہور مبشرجاوید نے کہا کہ کوئی افسر ڈپٹی چیف آفیسر کو اطلاع کیے بغیر دفتر سے غائب نہیں ہوگا اور دیگر محکموں میں میٹنگ کی غرض سے جانیوالے افسران کو بھی پیشگی اطلاع دینا ہوگی، ورنہ پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کے افسران وملازمین کے بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کردیئے گئے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ انفراسٹرکچر، پلاننگ، فنانس آفیسرز اور بلڈنگ انسپکٹرز کے تبادلے کیے گئے ہیں۔ محمد یوسف میٹروپولیٹن آفیسر فنانس، محمد وسیم مبارک زونل آفیسرفنانس داتا گنج بخش زون، محمد ندیم طاہر کو زونل آفیسر فنانس اقبال زون تعینات کر دیا گیا۔
ملک مظاہر علی زونل آفیسر فنانس سمن آباد، حجاب نقوی زونل آفیسر فنانس شالا مار زون، سرفراز حسین زونل آفیسر فنانس نشتر زون، کاشف جاوید ورک زونل آفیسر فنانس راوی زون تعینات۔ محمد ندیم سرور زونل آفیسر فنانس گلبرگ زون، سلمان علی خان زونل آفیسر فنانس واہگہ زون تعینات کر دیا گیا۔ اسی طرح شعبہ انفراسٹرکچر اینڈ سروسز، پلاننگ کے افسران اور بلڈنگ انسپکٹرز کے بڑے پیمانے پر تقرروتبادلے کردیئے گئےہیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے تقرروتبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔