(سٹی 42)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے جن کا ماننا ہے کہ ملک کو ایک زبردست وزیراعظم عمران خان کی قیادت میسر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے حالیہ پیغام میں بتایا کہ انہوں نے اپنی مشاورتی ٹیم سے بات چیت کی اور اس نتیجے پر پہنچے کہ میں عملی سیاست میں قدم رکھنے کی پیشکش کو مسترد کر دوں۔ انہوں نے موجودہ وزیر اعظم عمران خان کی ملک چلانے کیلئے بنائی جانے والی تمام حکمت عملیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایک زبردست وزیراعظم کی قیادت میسر ہے اور مجھے عمران خان پر اعتماد ہے، البتہ میں اپنے فلاحی کاموں کو مستقبل میں بھی ایسے ہی جاری رکھوں گا۔
Talked to my advisory team, I will decline the offer to join Pakistan politics. The country is run by an amazing PM @ImranKhanPTI and we all have trust in him. I prefer continuing my charity work @AKFoundation in UK, Pakistan and rest of the world to make areas better and safer
— Amir Khan (@amirkingkhan) October 22, 2020
باکسر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اپنے فلاحی کاموں کو نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ میں بھی جاری رکھوں گا، دنیا کو ایک بہتر اور محفوظ مقام بنانے میں اہم کردار ادا کروں گا ۔
یاد رہے چند روز قبل برطانیہ میں مقیم پاکستانی باکسر عامر خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ ملکِ پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے ذریعے اپنے پرستاروں کو آگاہ کیا تھا کہ ان سےیہ سوال بہت بار پوچھا جا چکا ہے کہ کیا وہ پاکستان کی سیاست کا حصہ بننا پسند کریں گے ؟ جس پر انھوں نے جواب دیاتھا کہ بحثیت کھلاڑی اور پاکستان کا سفیر میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہوں،یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی اگرمجھے پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کی پیشکش ہوتی ہے۔