(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وہ بھٹو کے نواسے اور بے نظیر کے بیٹے ہیں کھلاڑی نہیں کہ یوٹرن لیں، کٹھ پتلی حکمرانوں کو گھر بھیجیں۔
انہوں نے سکردو کے ضلع گانچھے میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سلیکٹڈ حکومت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ہمیں گلگت بلتستان کو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی راج سے بچانا ہے، سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور کے پی کو تباہ کردیا، گلگت بلتستان ہمارا دوسرا گھر ہے، پیپلزپارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان تاریخی رشتہ ہے، یہاں کے عوام کیوں بے روزگار ہیں؟ صحت کے ادارے کیوں نہیں بنتے؟ میں یہاں کے مسائل پارلیمان میں اٹھاؤں گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو لاوارث چھوڑا، ان کے حقوق پر حملہ کیا گیا ، پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو تنہا نہیں رہنے دے گی، پہلے بھی ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کو حقوق دئیے، اب بھی پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کو اس کا حق دے گی، شہید بھٹو اور شہید بی بی کاوعدہ مجھے پورا کرنا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے پورے ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا، آج ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہ نہیں دی جارہی، بزرگوں کو پنشن نہیں مل رہی، صدر زرداری کے دور میں ہم نے پنشن میں 150 فیصد اضافہ کیا، نالائق حکمرانوں کے گھر جانے کا وقت قریب ہے، آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، اس حکومت سے جمہوریت چھین کر رہیں گے۔