علی ساہی: آئی جی پنجاب کی چئیرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیق سے ملاقات، شہریوں کو ڈرائیونگ کی تربیت اور لائسنس کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس اور ٹیوٹا کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کی چئیرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیق سے ملاقات سنٹرل پولیس آفس میں ہوئی، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک فاروق مظہر اور چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا اخترعباس بھروانہ نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت ملک سمیت ٹیوٹا کے دیگر افسران بھی موجود تھے، ایم او یو کے تحت پنجاب پولیس تربیتی سنٹرز کیلئے ماہر انسٹرکٹرز اور تھیوری میٹریل جبکہ ٹیوٹا لاجسٹکس سپورٹ فراہم کرے گا۔
ٹریفک پولیس کے ماہر انسٹرکٹرز صوبہ بھر سے شہریوں کو شارٹ اور لانگ ٹرم ڈرائیونگ کورسز کروائیں گے، ڈرائیونگ سیکھنے والے افراد کو ٹریفک لائسنس کی فراہمی کے بعد روزگار کے حصول میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی، ٹریفک پولیس پنجاب اور ٹیوٹا مشترکہ طور پر پبلک سروس وہیکلز اور ہیوی ڈیوٹی ڈرائیوز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کریں گے۔
اس سے قبل ٹریفک پولیس لاہور ٹیوٹا کے اشتراک سے 9 ہزار شہریوں کو ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرچکی ہے، اس موقع پر آئی جی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اور ٹیوٹا کے اشتراک سے بیرون ملک ملازمتوں کیلئے ماہر ڈرائیورز کی افرادی قوت حاصل ہوگی۔
ملاقات کے اختتام پر پنجاب پولیس اور ٹیوٹا کے افسران کے مابین یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔