قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کے میچز سنسنی خیز مرحلہ میں داخل

23 Oct, 2018 | 11:24 PM

Arslan Sheikh

شہبازعلی: واپڈا اور پاکستان آرمی کی ٹیموں نے قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی، سیمی فائنل مرحلے میں پنجاب اور کراچی یونائیٹڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی خواتین فٹ بالر نے ٹورنامنٹ کو بہترین قراردیتے ہوئے مستقبل کے لئے سنگ میل قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن فٹ بال اکیڈمی گراؤنڈ میں ہونے والے دونوں سیمی فائنلز میں یکطرفہ مقابلہ دیکھنے میں آیا، پہلے سیمی فائنل میں واپڈا نے پنجاب کو 0-3 سے شکست دی، واپڈا کی طرف سے صوفیہ، رافعہ اور مہناز نے ایک ایک گول سکور کیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں آرمی نے کراچی یونائیٹڈ کو 0-10 سے شکست دی، آرمی کی ٹیم پورا وقت کھیل پر حاوی رہی اور دونوں ہاف میں پانچ پانچ گول سکور کیے۔ واپڈا اور آرمی کی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹ سے قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی تیاری میں مدد ملے گی۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین فٹ بالرز کو قومی خواتین فٹ بال کیمپ میں مدعو کیا جائے گا۔

قومی خواتین فٹ بال چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن کے لئے بدھ کے روز پنجاب اور کراچی یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جب کہ فائنل جمعرات کو پنجاب سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں