(سٹی42) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیلئے مزید مشکلات کھڑی ہوگئیں، سیشن جج نے وزیر اعظم کیخلاف ہتک عزت کی درخواست پر میاں شہباز شریف سے جواب طلب کرلیا، اُدھر پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج انجم ممتاز نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف شہبازشریف کی ہتک عزت کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں موقف احتیار کیا گیا کہ عمران خان نے 100 کروڑ رشوت دینے کا جھوٹا الزام لگایا،درخواستگزر کا کہنا تھاکہ عمران خان نے شہباز شریف پر بے بنیاد الزام لگائے اور دھرنے کو ختم کرنے کے لئے رشوت کی پیشکش بھی کی،اس طر ح کے بیانات عمران خان دیتے رہے ہیں جس کی وجہ سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی شہرت متاثر ہو ئی۔درخواستگرز نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کو10 کروڑ ہر جانہ ادا کرنے کا حکم دے ۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سےعدالت میں جواب جمع نہیں کروایا گیا جس پرعدالت نے شہباز شریف کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
دوسری جانب شہباز شریف کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کے مطالبہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔ قرارداد تحریک انصاف کی رکن مسرت جمشید چیمہ نے جمع کرائی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہیٰ کا نجی ٹی وی چینل پر بیان حقیقت پر مبنیٰ ہے، شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے مقدس ایوان میں جھوٹ بولا، نیب نے انہیں خواجہ آصف کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کا نہیں کہا۔ شہبازشریف اب صادق اور امین نہیں رہے، ان کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔
قرارداد کے ذریعے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کی اسمبلی کی رکنیت بھی منسوخ کی جائے۔