خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 خوارجی دہشتگرد جہنم واصل

23 Nov, 2024 | 07:41 PM

احمد منصور: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 3خوارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیے ۔ 

سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باڑا میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں خوارجی حق یار آفریدی اور گلا جان ہلاک ہو گئے۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خوارج ہلاک جبکہ 3زخمی ہو گئے۔

صدر مملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں پاک- افغان سرحد پر خوارج کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ صدر مملکت نے کارروائی کے دوران 3 خوارج جہنم واصل کرنے اور سرحد سے دراندازی روکنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔ 

 صدر مملکت نے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کا امن و امان خراب کرنے اور دراندازی کی کوششیں ناکام بنائیں گے ۔

وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین 

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ضلع خیبر کے علاقے باڑا اور جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں 2 اور جنوبی وزیرستان میں 1 خارجی کو جہنم واصل کیا گیا اور 3 کو گرفتار کیا، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، دہشتگردی کی جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے خوارج اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت متحرک ہے ۔ 

 وزیرداخلہ محسن نقوی کا کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

 وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے خیبرپختونخوامیں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ محسن نقوی نے 3 خوارجی  دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی، کہا کہ 3 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی  دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے، خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔ 

مزیدخبریں