’پی ٹی آئی کو کہتا ہوں کہ سڑکوں کو احتجاج کی بجائے بیٹھ کر اپنے مسائل حل کریں‘

23 Nov, 2024 | 07:12 PM

سٹی 42 :  پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کو کہتا ہوں کہ سڑکوں کو احتجاج کی بجائے میز پر بیٹھ کر اپنے مسائل حل کریں، موجودہ حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ سیاسی طور پر اس مسلے کو حل کرے۔ 

 گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، شادی پورہ دروغہ والا تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر ملک احمد شاہد کی جانب سے کیا گیا۔ عزیز الرحمان چن، آصف ناگرہ، ملک احسن، قاسم بٹ، ملک اظہر حسین، چودھری محبوب، رمضان بھٹی، ملک عمیر، چودھری شفیق سمیت دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔ 

 گورنر پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کوشش کر رہا ہوں کہ جیالوں کے گھروں میں جاؤں، مشن یہی ہے کہ اس شہیدوں کی پارٹی کو بحال کرنا ہے، جو کمزوریاں ہیں انکو ختم کرنا ہے، شہیدوں کا پیغام اسی طرح پہنچانا ہے جیسے پہلے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کا حقیقی لیڈر ہے، بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے ، آئندہ انتخابات میں بلاول کو وزیر اعظم بنائیں گے، بلاول کے اندر شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو جیسی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم منظور کروانے میں بلاول کا جو کردار ہے وہ سب کے سامنے ہے، بلاول بھٹو ہی اپنی والدہ کے مشن کو بڑھائیں گے۔ 

سردار سلیم حیدر  نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ اتحاد جو چل رہا ہے وہ آصف علی زرداری کی وجہ سے ہے، پیپلز پارٹی کو نقصان ہوا لیکن ملک کے لئے قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گے، جو لوگ سسٹم کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں وہ ملک کو چلنے دیں، پی ٹی آئی کو کہتا ہوں کہ روز روز احتجاج کی کال نہ دیں ملک کو چلنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سب اسی صورت میں ہیں جب یہ ملک ہے، کسی بھی صورتحال کا حل تشدد نہیں ہوتا، اپنے ملک کی توڑ پھوڑ نہ کریں نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم نہ دیں ۔  یہاں یہ اعلان کرتا ہوں کہ پاکستان کی عوام سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ سیاسی طور پر اس مسلے کو حل کرے، پی ٹی آئی والے احتجاج کا اعلان کرتے ہیں تو حکومت فورا کنٹینر لگائے دیتی ہے، موٹر وے اور سڑکوں کو کھولیں، پنجاب مجھے دے دیں کچھ بھی نہیں ہوگا، اپنے روئیے کو تبدیل کریں پنجاب سمیت پورے پاکستان میں آپکی حرکتوں کے باعث اب کوئی بھی آپ کے ساتھ نہیں ۔ 

مزیدخبریں