اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والےکسی شخص کو واپس نہیں جانے دینا

23 Nov, 2024 | 05:36 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والےکسی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے علی الصبح پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا اور قیام امن کے لیے اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی جانفشانی کی تعریف کی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر، ڈی آئی جی اور پولیس افسران کی بڑی تعداد  پولیس لائنز میں ہوشیار باش تھی۔

پولیس لائنز میں جوانوں سے گفتگو  کرتے ہوئے محسن نقوی نے  ان پر واضح کیا کہ کل بیلاروس کے معزز مہمانوں کا وفد اور  پرسوں 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس اہم دورے کے دوران اسلام آباد میں ہر چیز معمول کے مطابق رہے اور امنِ عامہ ہر صورت محفوظ رہے۔

محسن نقوی نے کہا  پولیس فورس منظم ترین سویلین ٹیم ہے۔ آپ سب کو  ایک مٹھی کی  طرح مل کر کام کرنا ہے اور امن کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر داخلہ نے واضح الفاظ میں ہدایت کی کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے، اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والےکسی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔ 

پولیس کے جوانوں نے تمام سویلین فورسز کے سربراہِ اعلیٰ کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا۔ بہت سے جوانوں نے باری باری محسن نقوی سے ہاتھ ملائے اور سلیوٹ کیا۔ جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض مکمل توجہ اور  مہارت کے ساتھ انجام دیں گے۔

Caption اسلام آباد میں شنگھائی تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی شر پسندوں نے وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولا تھا، تب بھی وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے کسی نام نہاد احتجاج سے روکنے کی تمام کوششیں کی تھیں لیکن تب شر پسندوں نے کسی حد تک توڑ پھوڑ کرنے اور شہر میں اپنی موجودگی  کا ثبوت دینے میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔ آج صبح کی طرح اس وقت بھی محسن نقوی پولیس فورس کا حوصلہ بڑھانے کے لئے پولیس لائنز گئے تھے۔ اس موقع پر لی گئی ایک تصویر
مزیدخبریں