محسن نقوی کی پی ٹی آئی کی قیادت کو آخری وارننگ

23 Nov, 2024 | 04:20 PM

Waseem Azmet

سٹی42 :  اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو ٹیلی فون کیا اور  پی ٹی آئی کے نام نہاد احتجاج  سے باز رکھنے کے لئے آخری وارننگ دے دی۔  

وزیر داخلہ نے  تحریک انصاف کے لیڈر کو  اسلام آباد کی عدالتِ عالیہ کے احکامات سے آگاہ کردیا کہ دارالحکومت میں کسی طرح کے نام نہاد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔  اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے  پی ٹی آئی کے چئیرمین  بیرسٹر گوہر سے رابطہ کر کے اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری پوری کر دی۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے پی ٹی آئی کے ذمہ دار لیڈر پر واضح کر دیا کہ  ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔  محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلی سطح کے 80 رکنی وفد کی 24 نومبرسے 27 نومبر کی مصروفیات  سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ بیلا روس سے  معزز مہمان اپنے وفد کے ساتھ کل  24 نومبر کو اسلام آباد ٓٓ رہے ہیں۔ ان کی وفاقی دارالحکومت میں کئی مصروفیات شیڈول کی گئی ہیں۔ ان مصروفیات کے دوران شہر مین کسی بھی طرح کی کوئی بدمزگی پاکستانی ریاست کیلئے سبکی تصور کی جائے گی۔ 

بیلاروس کے صدر کا وفد 27 نومبر تک اسلام آباد  میں رہے گا۔ 

 بیرسٹر گوہر نے  وزیر داخلہ کی اس وارننگ کے جواب میں کہا کہ وہ پارٹی مشاورت کے بعدحتمی رائے سے آگاہ کریں گے۔

مزیدخبریں