پاکستان میں پہلی الیکٹرک کار لانچ، عوام کو سستی سواری کا موقع

23 Nov, 2024 | 03:03 PM

بابر ترک:  پاکستان کی سڑکوں پر اب ماحول دوست اور سستی الیکٹرک گاڑیاں دوڑیں گی۔ دیوان موٹرز نے پاکستان کی پہلی باقاعدہ الیکٹرک کار کو لانچ کر دیا ہے جس سے عوام کو مہنگے پٹرول کی قیمتوں سے نجات ملے گی۔

 ایک بار چارجنگ پر یہ کار 200 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے، اور اس کی تعارفی قیمت 39 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

اس الیکٹرک کار کی پاور 40 ہارس ہے، جو کہ 660 سی سی پٹرول انجن کے برابر ہے۔ اس کا استعمال سستا اور پائیدار ہے  اور یہ گاڑی دور جدید کی تمام خصوصیات سے آراستہ ہے۔ ڈائریکٹر دیوان موٹرز، کاشف ریاض نے دعویٰ کیا کہ اس کار کے ذریعے 200 کلومیٹر تک سفر کرنے پر صرف 700 روپے کا خرچ آئے گا، جو کہ بجلی کی موجودہ قیمتوں کے مطابق انتہائی سستا ہے۔

کار میں استعمال ہونے والی امپورٹڈ لیتھیم بیٹریز پاکستان میں موجود لیتھیم کے ذخائر سے تیار کی جائیں گی، جس سے پاکستان میں مزید سستی الیکٹرک گاڑیاں بنانا ممکن ہو گا۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں اس بیٹری کی تیاری سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کو مزید فروغ ملے گا، اور ملک میں ماحول دوست گاڑیوں کا استعمال بڑھ جائے گا۔
 

مزیدخبریں