قیصر کھوکھر: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جیلوں میں اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا جس کے تحت سزا یافتہ قیدیوں کو ان کے متعلقہ ضلع کی جیل میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے نئی پالیسی کے تحت سزا یافتہ قیدیوں کو ان کے آبائی ضلع کی جیلوں میں رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس سے ماضی میں سینٹرل جیلوں میں قید افراد کی تعداد میں کمی آئے گی۔ سابقہ پالیسی کے تحت 5 سال سے زائد قید پانے والے قیدیوں کو سینٹرل جیلوں میں رکھا جاتا تھا جس سے ان کے اہل خانہ کو مالی و دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
نئی پالیسی کے تحت ڈسٹرکٹ جیلوں میں قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش بھی موجود ہے، اور اس سے جیلوں کی سکیورٹی بھی بہتر ہو گی۔ اس کے علاوہ، سزائے موت کے قیدیوں کو پہلے ہی متعلقہ ضلع کی جیلوں میں رکھا جا رہا ہے۔
ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو قیدیوں کو ان کے ضلع کی جیلوں میں منتقل کرنے کا طریقہ کار طے کرے گی اور ایک ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی میں ڈپٹی سیکرٹری پریژن ہوم، ڈی آئی جی پریژن سرگودھا ریجن اور دیگر افسران شامل ہیں۔