نواز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی خود انحصاری کی منزل سے ہم کنار کریں گے، شہباز شریف

23 Nov, 2023 | 07:50 PM

This browser does not support the video element.

راؤ دلشاد : سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے چوہدری عابد رضا کوٹلہ کی قیادت میں گجرات سے سابق ارکان پارلیمنٹ، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی راہنمائوں کی ملاقات ہوئی۔ 

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی اور انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے اپنے علاقوں میں انتخابی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر کو اگاہ کیا۔ شہباز شریف نے پارٹی عہدے داروں، رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ عوام مطمئن ہے کہ قائد نواز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے آ گئے ہیں، قوم نے چار سیاہ برسوں میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا چلا کاٹا، مہنگائی کی خزاں سے نجات اور آسانیوں کی بہار کا موسم جلد پھر شروع ہوگا، ان شاءاللہ۔ نواز شریف کی قیادت میں پورا پاکستان متحد اور یکسو ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان پھر ترقی کرے گا، صنعت اور تجارت کا پہیہ چلے گا، غریب کا چولہا جلے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کے آنے سے غریبوں کی امیدیں پھر سے جاگی ہیں، غریبوں کو پہلے مایوس کیا نہ آئیندہ کریں گے۔ 

واضح رہے کہ ملاقات کرنے والوں میں چوھدری عابد رضا، نوابزادہ طاہر الملک، راجہ اسلم خان، نوابزادہ غضنفر علی گل، چوہدری علیم اللہ وڑائچ، چوہدری جعفر اقبال اور دیگر راہنما شامل تھے۔ 

مزیدخبریں