(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس میں سیکنڈ ہینڈ اشیاء کی خرید و فروخت کرنے والے تاجر کے گھر پر آڈٹ کے لیے آئے ٹیکس انسپکٹر کو قتل کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ فرانس کے شمالی گاؤں بلکورٹ میں پیش آیا جہاں ناصرف انسپکٹر بلکہ ڈیلر کی لاش گھر سے ملی جس میں اب تک یہ واضح نہیں کہ معاملہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ٹیکس انسپکٹر آڈٹ کے لیے پرانی اشیاء کی خرید و فروخت کرنے والے تاجر کے گھر پر گیا جس کے ہمراہ ایک خاتون افسر بھی تھیں تاہم اطلاع ملنے پر جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو خاتون کو کرسی پر بندھا پایا جبکہ ٹیکس انسپکٹر کو مردہ حالت میں پایا۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ڈیلر بھی گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا، اس کی لاش گھر کے باہرسے ملی، بظاہر ایسا لگتا ہے جیسے ڈیلر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی ہے۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر کا قتل باقاعدہ منصوبے کے تحت کیا ہوا لگتا ہے کیونکہ جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا آلہ بھی ملا ہے، انسپکٹر کی کمر پر زخموں کے کئی نشانات بھی ملے۔
ڈیلر سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل کسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہا البتہ اس نے کم عمر بچوں پر تشدد کیا تھا جس کے خلاف پولیس نے کارروائی کی تھی۔
واقعے سے متعلق بلکورٹ کے میئر کا کہنا تھا کہ ملزم کی عمر 46 سال ہے جو لوگوں کے گھروں سے مختلف اشیاء جمع کرکے انہیں سستے داموں فروخت کرتا تھا۔