2سالہ بی اے میں داخلوں کا انکشاف، ایچ ای سی کی یونیورسٹیز کو وارننگ

23 Nov, 2020 | 03:55 PM

Sughra Afzal

(اکمل سومرو) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی یونیورسٹیز کو وارننگ، دو سالہ بی اے، بی ایس سی ڈگری پر پاپندی کے باوجود داخلوں کا انکشاف، ایچ ای سی نے دو سالہ ڈگری کی تصدیق کرنے سے بھی انکار کر دیا۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے یونیورسٹیوں اور کالجوں کیخلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا، ایچ ای سی کی جانب سے دو سالہ بی اے میں داخلہ دینے پر الحاق کالجوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری ہونیوالے مراسلے کے تحت 31 دسمبر 2018ء کے بعد دو سالہ بی اے ڈگریوں میں داخلہ غیر قانونی تھا۔ 

ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2019ء سے دو سالہ بی اے میں داخلوں کی ڈگریاں تصدیق نہیں کی جائیں گی اور یہ ڈگریاں غیر قانونی تصور ہوں گی۔

ایچ ای سی نے یونیورسٹیز اور کالجوں کو دو سالہ بی اے میں داخلوں سے روکنے کی وارننگ جاری کر دی ہے، ایچ ای سی نے طلبا سے بھی دو سالہ ڈگریوں میں داخلہ نہ لینے کی اپیل کی ہے۔ 

واضح رہے کہ ایچ ای سی نے دو سالہ بی اے بی ایس سی کی ڈگری ختم کر کے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام لانچ کرا رکھی ہے اور اس پروگرام میں ہی یونیورسٹیوں کو داخلوں کی اجازت دی گئی ہے۔

 دوسری جانب محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے یونیورسٹیزمیں سیرت چیئرز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا، لاہور سمیت صوبے کی 47 یونیورسٹیوں میں سیرت چیئرز قائم کرنے کیلئے وائس چانسلرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر  ہر یونیورسٹی میں سیرت چیئر قائم کر کے نعت خوانی کے مقابلہ جات اور سیرت رسولۖ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں