(راؤ دلشاد) مشن سوہنا لاہور کی کامیابی میں بے ہنگم ٹریفک سب سے بڑی رکاوٹ لیکن ٹریفک کی بہتری کیلئے شہر میں 11 پارکنگ پلازوں کی تعمیر تین سال التوا کا شکار ہے، پارکنگ پلازے تو تعمیر نہ ہوسکے، لیکن پارکنگ پلازوں کا تخمینہ لاگت تین ارب سے بڑھ کر دس ارب تک جاپہنچا، پارکنگ پلازوں کا نیا ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا۔
سوہنا لاہور مہم کی کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ بے ہنگم ٹریفک ہے، لیکن بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر صرف دستاویزات تک ہی محدود ہے کیونکہ شہر میں گیارہ پارکنگ پلازے گزشتہ تین سال سے التواء کا شکار ہیں، پارکنگ پلازے تو نا بن سکے لیکن تخمینہ لاگت 3 ارب سے بڑھ کر 10 ارب روپے ہوگیا۔
پارکنگ پلازوں کا نیا ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے، تین سال قبل شہر میں گیارہ پارکنگ پلازوں کی لاگت کا تخمینہ تین ارب لگایا گیا، موجودہ ورکنگ پیپرز کے مطابق تخمینہ لاگت 3 ارب روپے سے بڑھ کر 10 ارب ہو گیا ہے، پارکنگ کمپنی نے ورکنگ پیپرز تیار کر کے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ارسال کئے۔
ورکنگ پیپرز کے مطابق یہ پلازے داتا دربار، شیرانوالہ گیٹ، ہال روڈ، ٹاؤن ہال، اچھرہ، گلیکسی، برکت مارکیٹ، ہائیکورٹ، دہلی مسلم ہسپتال اور ماڈل ٹاؤن میں اتفاق ہسپتال کے سامنے تعمیر کیا جانا تھا جو التواء کا شکار ہیں۔
ورکنگ پیپرز کے مطابق پانچ پارکنگ پلازے ایم سی ایل، دو پلازے اوقاف کی زمینوں پر بنائے جانے ہیں، دو پی ایچ اے، ایک ایل ڈی اے اور ایک لیکوڈیشن کی جائیدادوں پر بنانے کی سمری التوا کا شکار ہے۔
ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی صورتحال کے پیش نظر پارکنگ پلازوں کی تعمیر ناگزیر ہے، پارکنگ پلازوں کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔