ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار تیز ،اموات میں اضافہ

23 Nov, 2020 | 10:54 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42:ملک میں کورونا وائرس سے مزید 34 افراد انتقال کرگئے جب کہ مزید 2756 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔


پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36929 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2756 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 34 افراد انتقال کرگئے۔این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 7.4فیصد رہی۔


سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7696 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 76929 تک جا پہنچے ہیں۔اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1057 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی،پاکستان نے پھیپھڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کر لیا ہے جس سے پھیپھڑوں میں کورونا انفیکشن کی مقدار معلوم ہو سکے گی۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان ( ڈریپ) نے کورونا کی جدید تشخیصی میڈیکل ڈیوائس 'کووریڈ' کی منظوری دے دی ہے۔ ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر عاصم رؤف نے میڈیکل ڈیوائس رجسٹریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوائس کو ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت رجسٹرڈ کیا گیا ہے، کووریڈ ڈیوائس مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ ہے جو پھیپھڑوں میں کورونا کے انفیکشن کی تشخیص کرے گی۔

سی ای او ڈریپ نے کہا کہ کووریڈ سے پھیپھڑوں میں کورونا انفیکشن کی مقدار معلوم ہو سکے گی، میڈیکل ڈیوائس ایک منٹ سے کم وقت میں نتائج دیتی ہے اور اس سے کورونا کے علاج میں نمایاں مدد ملے گی۔کووریڈ میڈیکل ڈیوائس دنیا کے چند ممالک کے پاس ہے، پاکستان یہ ٹیکنالوجی دنیا کے دیگر ممالک کو فراہم کرے گا اور یہ ڈیوائس جلد ملک بھر میں دستیاب ہوگی۔

مزیدخبریں