(شاہین عتیق) احتساب عدالت میں437 افراد کو غیر قانونی بھرتی کرنے کے کیس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف کے علاوہ نامزد تمام ملزمان نے اپنے 342کے بیان جمع کرادیئے، راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو بیان دیتے وقت اپنے منصب کا لحاظ رکھنا چاہیے۔
احتساب عدالت میں نیب نے پیپکو میں 437 افراد کو غیرقانونی بھرتی کرنے کے کیس کی سماعت کی، عدالت میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت پیپکو کے8دیگر افسران پیش ہوئے جن کی حاضری مکمل کرلی گئی، عدالت میں تمام ملزمان نے اپنے بیان جمع کرا دیئے، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو اپنی صفائی کے گواہ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
عدالت میں پیشی کے موقع پرراجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سابق صدر کے علاج کی طرف حکومت کوتوجہ دینی چاہیے، حکومت آصف زرداری کی بیماری اور ان کے ہونے والے ٹیسٹوں سے خاندان کے افراد کو آگاہ نہیں کررہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان بیان دینے سے پہلے اس بات کومدنظر رکھیں کہ وہ کس منصب پر فائز ہیں ،کیا وزیراعظم کواس طرح کے بیانات زیب دیتے ہیں۔