عالمی شہرت یافتہ فنکار عمر شریف کا فلم بنانے کا اعلان

23 Nov, 2019 | 11:56 AM

Shazia Bashir

 (زین مدنی ) کامیڈی کے شہنشاہ اور عالمی شہرت یافتہ فنکار عمر شریف نے فلم بنانے کا اعلان کردیا۔

 ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے عمر شریف نے کہا کہ آج کل بہت اچھی فلمیں بن رہی ہیں، اسی وجہ سے میں بھی بہت جلد فلم بنا رہا ہوں، اس حوالے سے میں نے ایک فنکار کو کئی بارمرکزی کردار ادا کرنے کی آفر کی حتیٰ کہ ان سے تمام معاملات بھی طے پاگئے لیکن وہ حتمی تاریخ نہیں دے پا رہے تھے، اس لئے میں نے انہیں انکار کردیا۔

 اب میرے پاس دو نام ہیں جنہیں میں اپنی فلم کے کرداروں میں دیکھنا چاہتا ہوں، اداکاروں میں ایک شان شاہد ہیں اور فیصل قریشی ہوں گے۔ عمر شریف نے کہا کہ اس وقت فلم کا سکرپٹ اور میوزک بھی تیار ہے یہاں تک کہ جگہوں کا بھی انتخاب کر لیا گیا ہے۔   فلم کی شوٹنگ دبئی، ابو ظہبی، کویت اور پاکستان میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عمر شریف اب تک چھ فلمیں بنا چکے ہیں جس میں مشہور زمانہ فلم مسٹر 420 ، مسٹر چارلی، مس فتنہ آج بھی لوگوں کو یاد ہیں جبکہ ان فلموں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں عمر شریف نے خود مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ 

مزیدخبریں