پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے عہدے سے سبحان احمد دستبردار ہوگئے

23 Nov, 2019 | 10:41 AM

Sughra Afzal

حافظ شہبازعلی) سبحان احمد 9 سال بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے عہدے سے دستبردار ہوگئے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کو سبحان احمد کی عہدے سے دستبرداری سے متعلق جمعہ کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے اجلاس میں آگاہ کیا گیا۔

سبحان احمد کا کہنا ہے کہ 25 سال سے زائد عرصہ پی سی بی سے وابستہ رہنے کے بعد ان کے لیے آگے بڑھنے کے لیے یہ وقت بہترین ہے،  بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز کی بات تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو نیم پیشہ وار سے ایک مکمل پیشہ وار ادارہ بنانے کا سفر بھی بہترین رہا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا شمار ملک میں کام کرنے والے بہترین اداروں میں ہوتا ہے۔

سبحان احمد نے کہا کہ وہ اپنے تمام ساتھیوں کے تعاون اور رہنمائی کے شکرگزار ہیں جس طرح انہوں نے ایک جونیئر آفیسر سے چیف آپریٹنگ آفیسر تک اس سفر میں ان کا بھرپور ساتھ دیا، وہ کبھی بھی ان ساتھیوں کے بغیر اپنے اہداف حاصل نہ کرسکتے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سبحان احمد نے عزت اور دیانتداری کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے نمایاں خدمات ادا کی ہیں، سبحان احمد گذشتہ کئی سالوں میں پی سی بی کو تبدیل کرنے اور کمرشل معاہدوں کے ذریعے ادارہ کو منافع دلوانے میں سب سے آگے رہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس پس منظر میں سبحان احمد کا جانا دکھ کا سبب ہے، سبحان احمد جب پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستگی کے اپنے سفر کو یاد کریںگے تو وہ ضرور فخر محسوس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے دنیا میں دیگر کرکٹ تنظیموں میں اپنا ایک مقام پیدا کیا ہے، یہی ان کی میراث ہے جو یہاں کام کرنے والوں کو متاثر کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سبحان احمد کی خدمات اور انتھک محنت کا شکریہ اداکرتے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاتا رہے گا اور مخصوص پراجیکٹس میں ان کے ساتھ تبادلہ خیال بھی جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں