یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا پچیسواں کانووکیشن

23 Nov, 2018 | 09:32 PM

Shazia Bashir

اکمل سومرو: یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا پچیسواں کانووکیشن، کانووکیشن میں 2 ہزار 263 طلباء میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ بیس طلبا کو پی ایچ ڈی کی اسناد دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بطور چانسلر، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل جاوید قریشی نے کانووکیشن میں شرکت کی۔ یو ای ٹی لاہور اور سب کیمپسزکے 2263طلباء و طالبات میں اسناد کی تقسیم کی گئی ہیں۔ 71 طلبہ کو میڈلز، پی ایچ ڈی کی 20، ایم فل کی 564اور بی ایس سی کی 1680اسناد تقسیم کی گئیں۔

حرا مقصود نے پانچ ، مریم ذوالفقار نے چار، اسریٰ طارق، اُسامہ نصیر، حمزہ اشرف، فیضان مُنیر، حافظ سمیع اللہ نے تین تین جبکہ تنزیلہ انیس، سید علی ہادی نقوی،عتیقہ بتول نے دو دو میڈلز حاصل کیے۔ گورنر پنجاب کہتے ہیں کہ انجینئرنگ اداروں کے نصاب کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔

وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد نے کہا کہ مستقبل میں بھی طلبہ اپنے پراجیکٹ وقت پر جمع کرائیں تاکہ ان کو بروقت اسناد جاری کی جا سکیں، امید ہے انڈسٹری میں بھی اپنا اچھا نام بنائیں گے۔ گریجویٹس کہتے ہیں کہ یونیورسٹی ختم ہونے پر خوش بھی ہیں اور اُداس بھی۔

یو ای ٹی کے گریجویٹس نے ڈگریاں تو حاصل کر لی ہیں لیکن انھیں بے روزگاری سے بچانے کے لیے حکومت کو نوکریاں فراہم کرنے کا بندوبست بھی کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں