قذافی بٹ: صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر کا دورہ، میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ بزنس پلان دینے والے ہنر مند نوجوانوں کو 30 لاکھ روپے کے قرضے دئیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے امور کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں صوبائی وزیر کو ہنر مند نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ہنرمند اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضے حاصل کرنے کے ایک سال بعد قرضوں کی واپسی آسان شرائط میں ہوگی۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے مربوط انداز میں کام کرنا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔