(علی ساہی) آئی جی پنجاب جاوید سلیمی نے مصالحتی کمیٹیوں کے ایس او پیز تیار کرلیے، چھوٹے کیسز مصالحتی کمیٹیاں حل کریں گی۔ فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او کو کیس بھیجا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب جاوید سلیمی کی جانب سے مصالحتی کمیٹیوں کے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں، جو 10 نکات پر مشتمل ہیں، مصالحتی کمیٹیاں چھوٹے مقدمات کو حل کریں گی جن سے پولیس اور عدالت کا وقت بچے گا۔ایس او پیز کے مطابق ہر 3 ماہ بعد کمیٹی کا ممبر سیکرٹری کے طور پر کام کرےگا۔ کمیٹی میں حصہ نہ لینے والے ممبر کو فارغ کر دیا جائےگا۔ ایک ضلع میں 21 افراد پر مشتمل مصالحتی کمیٹی بنائی جائے گی، متعلقہ ڈی پی او مصالحتی کمیٹی کے ممبران کا انتخاب کرے گا۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ممبران کا شیڈول بنائے گا جبکہ ممبران کے تعاون کیلئے ایک پولیس افسر بھی مقرر کیا جائے گا۔مصالحتی کمیٹیاں فریقین کی رضا مندی کیساتھ ہی فیصلہ کریں گی، جس کیس کا فیصلہ نہیں ہوگا اسے متعلقہ ایس ایچ او کو بھجوا دیا جائیگا۔