(عابد چودھری)واپڈا ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ،گیارہ سالہ بچی کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد اور چچا کا قصور کے رہائشی افراد سے جھگڑا چل رہا تھا،ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور بچی کو قتل کر دیا۔مقتولہ کی شناخت آمنہ کے نام سے ہوئی۔
خیال رہے کہ شہر میں قتل کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران شہر بھر میں 132 افراد مختلف وجوہات پر قتل ہوئے ۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق قتل کی وارداتوں میں کینٹ ڈویژن 36 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن قتل کی 28 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ قتل کے 26 مقدمات کے ساتھ سٹی ڈویژن تیسرے نمبر پر رہا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 20، صدر ڈویژن میں قتل کے 18 مقدمات درج ہوئے، سول لائنز ڈویژن میں 4 ماہ کے دوران قتل کے 4 مقدمات درج کئے گئے۔