(محمد حماد) کرغزستان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ، بشکیک سے طلبہ کو لے کر پی آئی اے کی پرواز کراچی پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بشکیک سے 205 طلبہ کو لے کر پی آئی اے کی پرواز پی کے 6260 کراچی پہنچ گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر افراد نے طلبہ کا واپسی پر استقبال کیا۔ کراچی ایئر پورٹ پر طلبہ کے اہلخانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
بشکیک سے پی آئی اے کی جانب سے مرحلہ وار لاہور، اسلام آباد، پشاور اور ملتان کیلئے بھی خصوصی پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بشکیک سے کئی پروازوں کے ذریعے پاکستانی طلبہ وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
اس موقع پر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت طلبہ کی واپسی سے متعلق مسلسل رابطے میں رہی، کرغزستان سے پاکستان تک سفر کا انتظام صوبائی حکومت نے کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ طالب علموں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا گیا، 205 طالب علموں کی واپسی ہوگئی ہے جن میں 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے شامل ہیں، 99 طالبعلموں کا تعلق کراچی جبکہ دیگر طلبہ علموں کا تعلق سندھ کے دیگر اضلاع سے ہے۔طلبہ نے وطن واپسی کیلئے فوری اقدامات کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔