مانیٹرنگ ڈیسک: نوجوان پاکستانی کوہ پیما اسد میمن نےدنیا کی بلندترین پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 8 ہزار8سو 49 میٹر بلند چوٹی کو سرکرنے کے لیے جانے والی 15 رکنی ٹیم میں شامل واحد پاکستانی کوہ پیما اسد میمن نے خراب موسم کے باوجود اپنے عزم اور ہمت کی بدولت کامیابی اپنے نام کی۔
اسد میمن نے چوٹی پر پہنچ کر نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے قومی جھنڈا لہرایا۔وہ نیپال کے سلسلہ کوہ ہمالیہ کی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے آٹھویں پاکستانی بن گئے جبکہ وہ یہ اعزاز پانے والے سندھ کے پہلے کوہ پیما ہیں۔
اسد میمن دنیا کی سات بڑی چوٹیوں میں سے چار کو سر کرچکے ہیں۔ چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی پر اسد میمن خراب موسم میں پھنس گئے اور ہاتھ ٹوٹنے کے ساتھ گھٹنے کی چوٹ اور سخت جھلسنے جیسی کچھ چوٹیں آئیں۔ تاہم ان کو بحفاظت واپس لا کر طبی امداد فراہم کی گئی۔امید ہے کہ وہ پاکستان واپس آنے سے پہلے ایک یا دو دن میں صحت یاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کی کوشش میں اب تک چار سو سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔