پی ایس ایل 6، کوویڈ پروٹوکولز مزید سخت کردیئے گئے

23 May, 2021 | 06:57 PM

Malik Sultan Awan

سٹی 42:پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے لیے کوویڈ پروٹوکولز مزید سخت کردیئے۔

پی سی بی حکام پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کو کامیاب بنانے کے لیے متحرک ہوگئے،بقیہ میچز کے لیے کوویڈ پروٹوکولز سخت کردئیے گئے۔ پروٹوکولز کے تحتب دوسرے شہروں سے لاہور اور کراچی میں رپورٹ کرنے والے کھلاڑیوں کو پبلک ٹرانسپورٹ پر آنے سے روک دیا گیاہے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو اپنی ذاتی گاڑیوں پر ڈرائیور کے ساتھ سفر کرنے سے روک دیاگیاہے، اپنی ذاتی گاڑی کھلاڑی خود ڈرائیو کرکے ہوٹل آسکے گا۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو دوسرے شہروں سے پی سی بی کی گاڑیوں پرہوٹلز لایا جائے گا،جس کے لیےکھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو لانے والے ڈرائیورز کے کوویڈ ٹیسٹ کروالئے گئے ہیں،کھلاڑیوں،کوچز اور سپورٹ سٹاف کو لانے والی گاڑیوں کو راستے میں کہیں رکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف نے اپنی کوویڈ رپورٹس فرنچائزز کو بھجوانا شروع کردیں، کھلاڑیوں کو کوویڈ پروٹوکولز سے آگاہی دے دی گئی ہے جبکہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو فوری طور پر الگ کردیا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کو کوویڈ پروٹوکولز پر باقاعدہ لیکچرز دئیے جائیں گے۔

مزیدخبریں