زہریلا شوارما کھانے سے شہری جاں بحق

23 May, 2021 | 02:45 PM

Arslan Sheikh

سٹی 42: آج کل ہما رے معاشرے میں فاسٹ فوڈ کا استعمال بہت عام ہے اور لوگ بہت شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں، فاسٹ فوڈ کا رحجان زیادہ تر نوجوانوں میں پایا جاتا ہے، اس کے علاوہ بچے بھی برگر، شواما اور پیزا بڑے شوق سے کھاتےہیں۔لیکن گڑھی شاہو کے علاقے میں مبینہ طور پر مضرصحت شوارما کھانے سے شہری جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق  گڑھی شاہو کے 26 سالہ رہائشی بلال رشید کی مضرصحت شوارما کھانےسےحالت بگڑ گئی۔ بلال نے اپنے سسرال ٹیکسالی کےعلاقے سے شوارما کھایاتھا۔ طبی امداد کے لئے بلال کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا، دوران علاج اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی لاش کو میو ہسپتال کے مردہ خانہ منتقل کردیا گیاہے۔متوفی بلال رشید سنیارے کا کام کرتاتھا۔ ٹبی سٹی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو فوری واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو خوارک کے نمونے اکٹھے کرنے کی بھی ہدایات دے دیں ہیں۔

متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر واقعہ کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا، متعلقہ شوارما پوائنٹ کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ انسانی جان کا ضائع ہونا انتہائی افسوسناک ہے،خوارک کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفتیش میں متعلقہ اداروں کی مدد کی جائے گی۔

مزیدخبریں