سٹی42: وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثہ کی صاف اور شفاف تحقیقات ہوں گی،سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کہتے ہیں جسے بھی ذمے دارٹھہرایا گیا اسے تحقیقات کیلئے پیش کرینگے، پیپلز پارٹی نےطیارے حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثہ کی صاف اور شفاف تحقیقات ہوں گی،کوشش ہوگی ایک ماہ میں رپورٹ سامنے آجائے،ذمہ دار کوئی بھی ہوبخشانہیں جائےگا،ایئر بس کے ماہرین بھی آزادانہ تحقیقات کیلئے آئیں گے۔
غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر جن کے گھر تباہ ہوئے انہیں بھی معاوضہ دیا جائے گا۔اس موقع پر سی ای او پی آئی اے ارشدملک نے کہا کہ جسے بھی ذمے دارٹھہرایا گیا اسے تحقیقات کیلئے پیش کرینگے۔
ادھر گورنر سندھ عمرن اسماعیل نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور واقعہ کی صاف شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین بغیر تحقیق من گھڑت خبریں نہ پھیلائیں،آرمی نے اپنی امدادی ٹیمیں لگائیں اور مشینری بھی بھیجی، عوام نے اپنی مدد آپ جو آپریشن میں حصہ لیا وہ بھی قابلِ تحسین ہے۔
پیپلز پارٹی نےطیارے حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ رہنما پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی حادثے کی ذمہ داری سب سے پہلے سول ایوی ایشن پر عائد ہوتی ہے، سول ایوی ایشن حکام خود اس معاملے کی تحقیقات کیسے کریں گے؟ حکومت کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کی مثالیں دینے والے کیا خود اس دلخراش واقعے کے بعد مستعفی ہورہے ہیں؟
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے طیارے حادثے میں 97 شہادتوں کی تصدیق ہو گيی، 19لاشیں لواحقین کے حوالے، بیشتر لاشیں ناقابل شناخت انگوٹھوں اور ڈی این اے کے ذریعے لاشوں کی شناخت جاری ہے۔ طیارے میں عملے کے 7 ارکان ، پنجاب بینک کے صدر ظفرمسعود،24 نیوز کے سینئرڈائریکٹر پروگرامنگ انصارنقوی, پنجاب حکومت کے سیکرٹری خالد شیردل سمیت 98 مسافر سوار تھے۔