7جعلی فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دیں،7ہزار 93 لیٹرجعلی کولڈرنکس تلف

23 May, 2020 | 03:56 PM

M .SAJID .KHAN

(عمران یونس) پنجاب فوڈ اتھارٹی نےعید کے موقع پر7ہزار 93 لیٹرجعلی کولڈرنکس پینےسے شہریوں کو بچالیا،کارروائیوں کے دوران 7جعلی فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دی گئیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کےمطابق رمضان المبارک میں جن فیکٹریوں کےخلاف کارروائیاں کی گئیں،ان سے حاصل ہونے والے ریکارڈ کےمطابق جعلی کولڈ ڈرنکس عید پرچھوٹے سٹورزکیساتھ ساتھ بڑے سٹورز پر بھی سپلائی کی جانی تھیں،تمام جعلی کولا ڈرنکس موقع پر تلف کر دی گئی تھیں،زیادہ ترکارروائیاں لاہوراور گردونواح میں کی گئیں،ڈی جی فوڈ اتھارٹی کےمطابق رمضان المبارک میں 2 کروڑایک لاکھ63ہزار کی مختلف ملاوٹی اشیاء تلف کی گئیں۔

آپریشن ٹیمیں 3 شفٹوں میں سحر وافطار کےاوقات سمیت 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہیں،متعلقہ فیکٹریوں میں مصنوئی فلیورز،کیمیکلزاور ٹیب واٹرسےمختلف برانڈز کی جعلی ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں،بغیرکسی منظور شدہ فارمولےکےتیارجعلی ڈرنکس معدے کےالسراورکینسر جیسےموذی امراض کی بڑی وجہ بنتی ہیں،عوام سے گزارش ہے کہ کاربونیٹیڈڈرنکس کی نسبت گھرمیں تیارکردہ فریش جوسز کے استعمال کو ترجیح دیں۔

عرفان میمن کےمطابق کورونا جیسی موذی وباء کے باوجود پنجاب فوڈ اتھارٹی نےعوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں۔

واضح رہے کہ موسم بدلتے ہی جعلی کولڈ ڈرنکس مافیا سرگرم ہوگیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ویجیلنس ٹیم کی ریکی پر بڑا گروہ دھر لیا اور 8 لاکھ لیٹر جعلی کولا ڈرنکس کی تیاری کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔غنی کالونی شاہدہ آباد، لاہور میں امجد لیبلنگ یونٹ سے لاکھوں کی تعداد میں جعلی بوتلیں، ڈھکن اور لیبل برآمد کرلیئے، ٹیموں نے امجد بوتل پروڈکشن یونٹ کو سیل کرکے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معروف انٹرنیشنل برانڈز کے جعلی لیبلز اور ڈھکن بنانے والی ڈائیز بھی برآمد کر لی گئیں، ویجیلینس ٹیم نے ریکی کر کے پروڈکشن یونٹ کا سراغ لگایا، جعلی لیبل اور ڈھکن فروخت کا ریکارڈ برآمد کرلیے، جعلی بوتلوں کے خریداروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

مزیدخبریں