کورونا وائرس، قومی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

23 May, 2020 | 02:44 PM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک میں کورونا سے مزید 34 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1101 ہو گئی، نئے کیسز  سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 52437 تک پہنچ گئی ہے، 16653 مریض صحت یاب ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق  24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 1101 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 52 ہزار 437 ہوگئی، ان میں سے 16 ہزار 653 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 34 ہزار683 زیر علاج ہیں, اب تک 4 لاکھ 60 ہزار 987 افرد کے  کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

 سندھ میں کورونا کے 20 ہزار 883، پنجاب میں 18 ہزار 730 ، لاہور میں 8777، خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 391، بلوچستان میں 3 ہزار 198، اسلام آباد میں ایک ہزار 457، گلگت بلتستان میں 607 اور آزاد کشمیر میں 171  مریض ہیں۔

قومی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل عامر اکرام نے میڈیا کو بتایا کہ اندازوں کے مطابق حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ہٹانے کے فیصلے کے نتیجے میں آئندہ ہفتے سے روزانہ کے کیسز میں 15 سے 20 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پردوست احباب سے ملاقاتوں میں، مارکیٹ اور کام کی جگہوں پر جاتے ہوئے احتیاطی اقدامات اپنائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں میں عوام کا ہجوم ہے اور صورتحال میں نتائج جو بھی ہوں اس کے ذمہ دارعوام خود ہوں گے، کورونا روکنےکا بنیادی طریقہ سماجی میل جو ل میں کمی اور فاصلہ رکھنا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ  کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔

مزیدخبریں