طیارہ حادثہ،لاہورسےفرانزک ماہرین کی ٹیم کراچی پہنچ گئی

23 May, 2020 | 12:16 PM

M .SAJID .KHAN

(مظہر عباس) کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کا المناک حادثہ، جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کے لئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی فرانزک ماہرین کی ٹیم کراچی پہنچ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق یو ایچ ایس کی ٹیم فوری طور پر کراچی روانہ کی گئی، فرانزک ماہرین حادثہ میں جھلسنے والی نعشوں کے جسمانی اعضاء کی مدد سے انکی شناخت میں مدد فراہم کریں گے ، کراچی جانیوالی ٹیم میں ڈاکٹر عروج زہرا، ڈاکٹر ہمایوں تیمور بیگ، ڈاکٹر منیر احمد اور ڈاکٹر خرم شہزاد شامل ہیں ۔وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کاکہناتھاکہ فرانزک ماہرین کی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی ہدایت پر کیا گیا ، اس سانحہ پر ساری قوم افسردہ ہے، اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ ٹیم میں ایسے ماہرین موجود ہیں جنھوں نے حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت کی تھی، ٹیم نعشوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرے گی، اوردانتوں سے بھی شناخت کی جاسکے گی۔ لاہور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائینس فرنزک ٹیسٹنگ کی صلاحیت رکھنے والی ایشیا کی واحد لیب ہے۔ اس وقت میتیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنیٹر میں رکھی گئی ہیں، اگرضرورت پیش آتی تو میتوں کو متبادل میت خانوں میں منتقل کیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ   لاہور سے  کراچی جانیوالا  پی آئی اے کا مسافر طیارہ  کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے  میں 24 نیوز کے سینئرڈائریکٹر پروگرامنگ انصارنقوی سمیت 97 افراد  شہید  ہوگئے،شہداء کی میتیں جناح اور سول ہسپتال منتقل کردی گئیں، طیارے میں عملے کے 7 ارکان  ، پنجاب بینک کے صدر ظفرمسعود، پنجاب حکومت کے سیکرٹری خالد شیردل سمیت 98 مسافر سوار تھے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق طیارہ لینڈنگ گیئر جام ہونے کے بعد پرندوں سے بھی ٹکرایا جبکہ رن وے پر پہنچنے سے پہلے ہی طیارہ آبادی والے علاقے میں مکانات سے ٹکرا گیا۔رپورٹ کے مطابق جس وقت طیارہ مکانات کی بالائی منزل سے ٹکرایا اس وقت وہ گلائیڈ کر رہا تھا۔

مزیدخبریں