عید کے بعد بھی مارکیٹیں اور بازار کھولے جائیں: لاہور چیمبر

23 May, 2020 | 01:57 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (شہزادخان) کاروباری برادری نے عید الفطر کے بعد بھی ایس او پیز کے تحت مارکیٹیں،  بازار اور صنعتیں چلانے کا مطالبہ کردیا۔

صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ اور تاجر قائدین نے کہا ہے کہ کمزور معیشت کیساتھ ملک طویل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا، عید الفطر تک تو حکومت نے مارکیٹوں اور بازاروں کو کھولنے کی اجازت دی مگر عید کے بعد مارکیٹوں اور بازاروں کی کیا صورتحال ہوگی؟؟ کاروباری برادری پریشانی میں مبتلا ہوگئی۔

تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ کمزور طبقہ لاک ڈاؤن سے پس جائے گا، ہر مارکیٹ سے تقریبا ًپندرہ ہزار سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین منسلک ہیں، طویل لاک ڈاؤن سے بھوک و افلاس کا طوفان جنم لے گا۔

نائب صدر لاہور چیمبر میاں زاہد جاوید کا کہنا ہے کہ لاکھوں لوگ فاقوں پر چلے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان معاملے کی سنگینی کا جائزہ لیں۔

لاہور چیمبر اور تاجر برادری کے مرکزی قائدین نے کہا کہ اب کورونا کیساتھ جینے کا لائف اسٹائل اپنانا ہوگا تاکہ کاروباری سرگرمیاں بھی جاری وساری رہ سکیں۔

 دوسری جانب گورنر پنجاب چودھری محمد سرورنے کہا ہے کہ عید کے بعد کاروبار کی بندش کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، بلا وجہ سنسنی پھیلا کرعوام کو تنگ کرنے والے سائبر کرائم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے عید کے بعد کاروبار کی بندش کی جھوٹی خبریں پھیلانے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ مشکل وقت میں عوام کے جذبات کومجروح کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں میں بے تحاشا اضافے سے متعلق خبر جعلی، من گھڑت اور جھوٹی ہے، حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ ہم ایسی مشکل گھڑی سے بچ سکیں۔

چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عوام ایسی افواہوں پرکان نہ دھریں اور احتیاط کریں، حفاظتی تدابیر اختیار کریں تو ہر طرح کے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں کورونا حفاظتی اقدامات کو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے، حکومت عوام کی سہولت اور حفاظت کے لیے ہمیشہ ایک قدم آگے ہے۔

مزیدخبریں