سٹی42: اِنّا لِلّهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رَاجِعُوْن کراچی طیارہ حادثہ میں سینئرصحافی سیدانصارنقوی بھی شہید ہوگئے، انصارنقوی 24 نیوزمیں سینئرڈائریکٹرکرنٹ افیئرزاینڈپروگرامنگ کےعہدےپرتعینات تھے۔ سیدانصارنقوی عید کی تعطیلات منانےکےلیےاپنے آبائی شہر حیدرآباد جارہےتھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں حادثے کا شکار ہونےوالے بدقسمت طیارے میں سینئر صحافی انصار نقوی بھی سوار تھے، انصارنقوی لاہور میں 24 نیوزچینل میں سینئر ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز اینڈ پروگرامنگ کے عہدےپرتعینات تھے۔ انصار نقوی عید کی تعطیلات منانےکےلیےاپنےآبائی شہرحیدرآبادجارہےتھے۔
انصار نقوی کی اہلیہ، رکن سندھ اسمبلی بیگم راناانصار، انہیں لینےکے لیے ائیر پورٹ پر ہی موجودتھیں، اور انہیں وہاں طیارہ گرنے کی اطلاع ملی، گذشتہ شب تک سیدانصارنقوی کی فلائٹ میں سیٹ کنفرم نہیں ہو رہی تھی جس پر انھوں نےبذریعہ روڈ لاہور سےحیدرآبادنکلنےکا فیصلہ کیاتھا، بعدازاں سیٹ کنفرم ہونے پروہ بدقسمت طیارےکےمسافربن گئے۔
سیدانصارنقوی نے 1983 میں ماڈل سکول حیدرآبادسےمیٹرک اور 1985میں انٹر کیا، انصارنقوی نےمقامی اردو روزنامہ سفیر سے صحافتی کیریر کا آغاز کیا اور اس کےبعدانھوں نے انگریزی اخبار دی نیوز جوائن کیا جہاں وہ یکم فروری1991سےیکم مئی 2002 تک حیدرآباد کے بیوروچیف رہے، انہی دنوں وہ نیوزچینل جیونیوز سے وابستہ ہوگئے۔
انصارنقوی 26دسمبر 2014 تک جیونیوز میں بطورکنٹرول نیوزخدمات انجام دیں، انصارنقوی کچھ عرصہ بول نیوزسےبھی وابستہ رہے اور وہاں سے استعفیٰ دے کر انھوں نے یکم جولائی 2015 کو لاہور میں سٹی42 نیوز ںیٹ ورک کو بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوز جوائن کیا اوریکم مئی 2016 تک خدمات سرانجام دیں اور پھر ایک سال بریک لینے کے بعد انصارنقوی نے 19 جولائی2017 کو 24 نیوز کوسینئر ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز اینڈ پروگرامنگ کے طورپرجوائن کیا۔
انصار نقوی نےگزشتہ سال دسمبر میں اپنےچینل کےاسٹاف کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی۔ انصارنقوی کی صاحبزادی کراچی کے ایک نجی چینل میں شعبہ پروگرامنگ سے وابستہ ہیں، ایک بیٹا ڈاکٹر اور ایک بیٹا ابھی زیرتعلیم ہے، مرحوم کی اہلیہ رانا صدیقی ایم کیوایم پاکستان کے ٹکٹ پرخواتین کی مخصوص نشست پردوسری بار ایم پی اےبنیں۔ انصارنقوی طیارہ حادثہ میں سب کو سوگوار چھوڑ گئے۔